ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کشمیر کےاننت ناگ میں مظاہرے جاری؛ پولیس ڈرائیورہلاک ، 3 دیگر پولیس اہلکار کل سے لاپتہ

کشمیر کےاننت ناگ میں مظاہرے جاری؛ پولیس ڈرائیورہلاک ، 3 دیگر پولیس اہلکار کل سے لاپتہ

Sun, 10 Jul 2016 21:22:37  SO Admin   S.O. News Service

سری نگر ، 10؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں آج مشتعل بھیڑ کی طرف سے موبائل بنکر گاڑی کو جہلم ندی میں دھکیل دئیے جانے کی وجہ سے ایک پولیس ڈرائیور کی موت ہو گئی جبکہ کل ایک تھانے پرمشتعل ہجوم کے حملے کے بعد لاپتہ ہوئے تین پولیس اہلکاروں کا اب تک کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ایک پولیس افسر کے مطابق ایک دوسرے واقعہ میں کل رات پلوامہ ضلع کے ترال میں ایک ہیڈکانسٹیبل کے دونوں پیروں میں نامعلوم لوگوں نے گولی مار دی۔وزیر تعلیم نعیم اختر نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ پولیس کی ایک موبائل بنکر کو مظاہرین کی طرف سے ندی میں دھکیل دیا گیا جس سے اس کے ڈرائیور ایس پی او فیروز کی موت ہو گئی۔ کل ایک تھانے پر مشتعل بھیڑ کے حملے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ تین پولیس اہلکار اب بھی لاپتہ ہیں ۔ویسے کئی لوگ اغوا کئے گئے لیکن کچھ لوٹ آئے ہیں۔جنوبی کشمیر دمہال ہاجی پورہ میں اس حملے میں ہجوم نے 20پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا، ان کے ہتھیار چھین لئے اور فائرنگ کرکے تین پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا۔حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان ہانی کی انکاؤنٹر میں موت کے بعد کشمیر میں مظاہرین کی طرف سے کئے گئے پتھراؤ میں تقریبا 100پولیس اہلکار اور نیم فوجی دستہ سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔


Share: